کوئٹہ: آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ اورحسن سلوک کا درس دیتا ہے ہماری معاشرتی و خاندانی اقدار اور روایات ایک ایسے مہذب معاشرے کی تشکیل کی علمبردار ہیں، جہاں عورت کو حقوق،آزادی،اہمیت اور احترام حاصل ہو، تاکہ وہ اپنی بہترین ذہنی و جسمانی صلاحیتیں اور استعداد کار بروئے کار لا کر تعلیم،صحت اور روزگار سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں تعمیر و ترقی کے لئے دستیاب مواقعوں اور سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے سینٹرل پویس آفس میں بلوچستان پولیس ، پارلیمنٹرینز کمیشن فار ہیومن رائٹس اور یو ایس اے پی کے اشتراک سے بلوچستان ویمن پولیس کانفرنس کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔اس موقع پرایم این اے منورہ بلوچ، ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر ، اے آئی جی آئی ٹی ارسلہ سلیم ،ایس پی سی ایل آئی پی ٹی سی اورنگزیب ، عائشہ ودود ہیڈ آف پرونشل آفس یو این ویمن ، پروفیسر فرخندہ اورنگزیب ممبر نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس بلوچستان ، فوزیہ شاین بلوچستان کمیشن آن دا اسٹیٹس آف ہیومن ،چیئر پرسن (پی سی ایس ڈبلیو) ، جسبیرسنگھ اقلتیوں کی نمائندہ پرسن ، رقیہ تاج ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیمت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں اور ماڈریٹر کے فرائض آمنہ کیانی نے سرانجام دئیے۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ قانون کے یکساں نفاذ اور بلوچستان کی خواتین کیلئے بیش بہا اقدامات کیے ہیں جن کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔ خواتین کو ہمارے معاشرے میں نہایت اہم مقام حاصل ہے ملکی ترقی میں خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتاتاہم خواتین کو معاشرے میں اپنے امور بلا خوف و خطر سرانجام دینے کیلئے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ خواتین اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں خواتین کا تحفظ اور ان کے مسائل کا فوری حل بلوچستان پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔خواتین کی عزت و تکریم اور عصمت و عفت کی حفاظت،معاشی خود مختاری اورجنسی استحصال سے تحفظ یقینی بناناخواتین کو معاشرے میں تمام حیثیتوں میں اس کا جائز مقام دلوانا ہمارا بنیادی فریضہ ہے ،صوبہ بھر کے تھانوں میں لیڈی پولیس اہلکاروں پر مشتمل سٹاف تعینات کیا گیا ہے جس کے تحت خواتین اپنے مسائل کے حل کے لئے خواتین عملہ سے بلا جھجھک رابطہ کر سکیں اور ان سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اس موقع پر ایم این اے منورہ بلوچ نے کہا کہ ہماری کامیابی ہے کہ آج ہم آئی جی آفس میں منعقدہ ویمن کانفرنس میں شامل ہیں۔بلوچستان میں ویمن کانفرنس کا انعقاد بہت خوش آئیند ہے۔ بلوچستان میں خواتین کو درپیش مسائل پر اظہارِ خیال کیا گیا انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا شکریہ اد ا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہم خواتین کواپناقیمتی وقت دیا۔آج کی تقریب میں موجود آئی جی پولیس کا تعلق بلوچستان سے نہیں لیکن انہوں نے بلوچستانی کو بہت عزت دی۔انہوں نے کہا کہ آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے خواتین کے تحفظ اور حقوق کے حوالے سے کئی اقدامات کئے۔جن کی بدولت آج یہاں بلوچستان بھر میں تعینات خواتین پولیس اہلکاروں نے بطورِ خاص تقریب میں شرکت کی۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر پارلیمنٹرینز کمیشن آف ہیومن رائٹس محمد شفیق چوہدری نے کہا کہ خواتین کا معاشرہ کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے اور پاکستان میں سب سے پہلے بلوچستان میں صوبائی ویمن کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ۔
اسلام خواتین کے حقوق کے تحفظ اورحسن سلوک کا درس دیتا ہے, آئی جی بلوچستان
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
کوئی تبصرے نہیں